ورک فرم ہوم کا تجربہ آئی ٹی کمپنیوں کے لیے کارآمد

   

مستقل طور پر گھروں سے کام کاج کا فیصلہ،ملازمین اور کمپنی کوکئی فوائد
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) کورونا وائر س اور لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کاج کے تجربہ نے ریاست تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لئے نئی راہیں ہموار کی ہیں اور کمپنیوں کی جانب سے اب مستقل گھر سے کام کاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ سینکرونی نامی آئی ٹی کمپنی نے اپنے ملازمین کو مستقل گھر سے کام کاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ملازمین کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اگر چاہیں تو گھر سے کام کاج شروع کرسکتے ہیں ۔ کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت کے ساتھ ہی کمپنی کے کئی ملازمین نے 27 جون 2022 سے فراہم کی جانے والی سہولت سے استفادہ کرنا شروع کردیا ہے ۔بتایاجاتاہے کہ دو برسوں کے دوران گھر سے کام کاج کے تجربہ کے بعد عالمی سطح کی بیشتر کمپنیوں کی جانب سے اب مستقل گھر سے کام کاج کی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے کیونکہ اگر گھر سے کام کاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو عام طور پر آئی ٹی ملازمین کی جو شکایت ہوتی ہے کہ وہ کام اور خاندان کے درمیان توازن برقرار نہیں رکھ پا رہے ہیں اس شکایت کو بہ آسانی دور کیا جا سکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے ان امور کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ مستقل گھر سے کام کاج کی صورت میں ملازمین کی اختراعی صلاحیتوں میں اضافہ کے علاوہ کمپنی کے اخراجات میں کٹوتی اور کارکردگی میں بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ اس طرح کی خدمات کے فوائد سے ملازمین اور کمپنیاں دونوں ہی استفادہ حاصل کرسکیں۔سینکرونی کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ کمپنی کا بہترین اثاثہ اس کے اپنے ملازمین ہیں اور ملازمین اور انتظامیہ نے اپنے تعاون و اشتراک کے ساتھ یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی مقام سے کمپنی کے لئے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ گھر سے کام کاج کے کلچر کو مستقل بنانے کے اقدامات کی صورت میں کمپنی کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ کمپنی کو کئی ایک فوائد حاصل ہوں گے اور ملازمین کو آمد و رفت میں ضائع ہونے والے وقت کے علاوہ اخراجات کی بچت ہوگی علاوہ ازیں وہ اپنی مرضی سے اپنے گھر میں سہولت کے اعتبار سے کام کرسکتے ہیں۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کاج کرنے والے ملازمین کی صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور وہ گھر سے کام کرتے ہوئے جو کام کر رہے تھے وہ کام دفتر میں مشکل سے کرپاتے تھے ۔ماہرین نفسیات کا کہناہے کہ ملازمین کے گھر سے کام کاج کے دوران صلاحیتوں کے بہتر مظاہرہ کی بنیادی وجہ تھکاوٹ کا نہ ہونا ہے اور وہ سفری تھکاوٹ کے علاوہ تناؤ کا شکار نہ ہونے کے سبب بہترین مظاہرہ کررہے تھے اور جب دفاتر میں معمول کے مطابق کام کاج کا آغاز کیا گیا تو ایسی صورت میں ان ملازمین کی خدمات پہلے کی طرح ہوگئیں اور وہ مظاہرہ نہیں ہورہا تھا جو لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے کام کاج کی صورت میں کیا جا رہاتھا اسی لئے بیشتر آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے مستقل گھر سے کام کاج کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے لیکن ریاستی حکومت ا س فیصلہ کی مخالفت کرسکتی ہے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں ریاستی حکومت کو حاصل ہونے والی آمدنی میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہوگا ۔م