وزارت خارجہ کی جانب سے حیدرآباد میں عنقریب اجلاس کی طلبی

,

   

ریاست کی ترقی میں تعاون، وزارت خارجہ کے عہدیدار راج شیکھر کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد : ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور ریاستوں کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے کے لیے مرکزی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ نائب صدر تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے نئی دہلی میں سی راج شیکھر او ایس ڈی برائے وزارت خارجہ سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے راج شیکھر ریاستوں سے متعلق امور کے انچارج ہیں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستوں سے بہتر تال میل برقرار رکھتے ہوئے سرمایہ کاری اور دیگر ممالک سے انفراسٹرکچر کی منتقلی میں اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے مختلف ریاستوں کے دیگر ممالک سے تعاون میں اضافے کے سلسلہ میں کئی قدم اٹھائے ہیں۔ سی راج شیکھر کا تعلق تلنگانہ سے ہے اور ونود کمار سے خیرسگالی ملاقات کے دوران تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔ ونود کمار نے 2014ء میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست کی ترقی کے لیے کئے گئے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پانی، آبپاشی، برقی، لا اینڈ آرڈر اور دیگر شعبوں میں تلنگانہ نے غیر معمولی مظاہرہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں ملک بھر میں بہتر تجارتی مرکز کے طور پر تلنگانہ میں شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کے بہتر مواقع کا تذکرہ کیا اور کہا کہ حکومت نے سیاحتی مقامات کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ سی راج شیکھر نے ونود کمار کو یقین دلایا کہ وزارت خارجہ اور تلنگانہ حکومت کے درمیان مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ یہ اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوگا جس کا مقصد وزارت خارجہ سے ریاست کے بہتر تعلقات کو یقینی بنانا ہوگا۔ ونود کمار نے ریاستوں کے مفادات کے تحفظ میں راج شیکھر کی دلچسپی کی ستائش کی۔