وزارت فروغ انسانی وسائل میں 2019ء سے کوٹہ نافذ

   

اعلیٰ تعلیمی اداروں کی نشستوں میں 25 فیصد اضافہ : جاؤڈیکر
نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فروغ انسانی وسائل نے آج کہا کہ عام زمرہ سے تعلق رکھنے والے کمزور طبقات کے افراد کیلئے 10 فیصد تحفظات کوٹہ پر تعلیمی سال 2019ء سے عمل آوری کی جائے گی اور ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں تقریباً 25 فیصد نشستیں اضافہ کی جائیں گی۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ان کی وزارت، یونیورسٹی، گرانٹس کمیشن اور کل ہند فنی تعلیمی کونسل کے عہدیداروں کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ جاؤڈیکر نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’تحفظات پر تعلیمی سال 2020-2019ء سے عمل آوری کی جائے گی۔ تقریباً 25 فیصد نشستوں کا اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ درج فہرست طبقات و قبائل اور دیگر طبقات کو پہلے سے حاصل تحفظات کوٹہ میں کوئی مسائل پیدا نہ ہوں۔ ملک میں تقریباً 40,000 کالجس اور 900 یونیورسٹیز ہیں جہاں ضمنی کوٹہ فراہم کیا جائے گا‘‘۔