وزیراعظم سے شیڈول زبانوں کو یکساں فروغ دینے کی اپیل

   

نئی دہلی: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او)کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے ہندوستانی زبانوں کے تحفظ اور فروغ کے مقصد سے وزیراعظم ہند کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنی لسانی تنوع کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک الگ پہچان رکھتا ہے ۔ ہمارے ملک میں آئین کے ذریعے تسلیم شدہ 22 شیڈول زبانیں ہیں، جن میں سے ہر ایک نہ صرف ثقافت اور تاریخ کی علامت ہے بلکہ ہماری اجتماعی شناخت کا بھی ایک اہم حصہ ہے ۔ ان زبانوں کے ساتھ ساتھ ملک میں بولی جانے والی دیگر علاقائی زبانیں اور بولیاں بھی ہمارے تنوع کو تقویت بخشتی ہیں۔یوڈی او کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں ڈاکٹر سید احمد خاں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں بہت سی زبانیں بتدریج معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں۔