وزیراعظم مودی کواڈ اجلاس میں شرکت کیلئے ٹوکیو روانہ

,

   

امریکی صدر بائیڈن ،جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم سے ملاقات متوقع

ٹوکیو : جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 24 مئی کو کواڈ چوٹی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم نریندر مودی اتوار کی شام ٹوکیو کیلئے روانہ ہوگئے ۔ جاپان کے 2روزہ دور میں 40 گھنٹوں کے قیام کے دوران وزیراعظم مودی کا انتہائی مصروف ترین پروگرام ہے۔ اس موقع پر وہ امریکی صدر جوبائیڈن کے علاوہ آسٹریلیا اور جاپان کے وزرائے اعظم سے ملاقات کریں گے اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مودی اپنے دورہ کے موقع پر تاجر برادری، سفارتکاروں اور دیگر سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ جاپان کیلئے ہندوستانی سفیر ایس اے ورما نے بتایا کہ وزیراعظم مودی کا ٹوکیو آمد کے بعد تاجر برادری کے علاوہ سی ای اوز کے ساتھ اجلاس ہوگا۔ بعدازاں جاپان میں مقیم ہندوستانی برادری سے وہ تبادلہ خیال کریں گے۔ 24 مئی کو کواڈ چوٹی اجلاس میں وہ مصروف ہوں گے۔ یوکرین پر روس کے حملے کے موقع پر یہ اہم اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ جاپان کے وزیراعظم فومیوکشیدا کی دعوت پر تیسرے کواڈ چوٹی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی قائدین کو ہندوستان ۔ بحرالکاہل خطہ میں ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ باہمی امور سے متعلق عالمی مسائل پر بھی بات چیت کا موقع ملے گا۔