پارٹی کے بوتھ سطح کے قائدین سے ملاقات، اسمبلی و لوک سبھا چناؤ کیلئے سرگرمیاں تیز
حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی نے اپنی تیاریوں کو تیز کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کیلئے خصوصی توجہ دینے کی درخواست کی گئی جس پر انہوں نے فروری میں دورہ تلنگانہ سے اتفاق کرلیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ کے موقع پر بی جے پی کی بوتھ سطح کی 32000 سے زائد کمیٹیوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ پارٹی نے 7 فروری تک بوتھ سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ کا کئی بار دورہ کرسکتے ہیں تاکہ پارٹی کیڈر کے حوصلوں کو بلند رکھا جائے ۔ بی جے پی نے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے مضبوط امیدواروں کو قطعیت دینے کیلئے کانگریس اور بی آر ایس کے مقامی قائدین پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے کا کہنا ہے کہ ریاستی یونٹ نے وزیراعظم سے دورہ کی درخواست کی تاکہ بنیادی سطح کے کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی نے جو نشانات مقرر کیا ہے ، اس کی بہر صورت تکمیل ہوگی۔ بی جے پی نے 40 ایسے حلقہ جات کی نشاندہی کی ہے ، جہاں پارٹی کا موقف کمزور ہے۔ ان حلقوں میں سینئر قائدین کی خدمات حاصل کرتے ہوئے قیادت کو مضبوط کیا جائے گا۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے سینئر قائدین کو حیدرآباد مدعو کرتے ہوئے کارکنوں کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ بنڈی سنجے کی پد یاترا نے ابھی تک 56 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا ہے ۔ دوسرے مرحلہ میں وہ باقی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے ۔ کئی سینئر قائدین اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں جن میں جی کشن ریڈی ، کے لکشمن ، ڈاکٹر ارونا اور مرلیدھر راؤ شامل ہیں۔ر
ن