وزیراعظم پاکستان کی آج سعودی ولیعہد سے ملاقات متوقع

   

اسلام آباد ؍ ریاض: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورہ پر 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب جائیں گے اور اس دورہ میں ان کی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے پاکستان اور سعودی عرب میں مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔سعودی عرب 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے جہاں سے پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولیعہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں رہنما علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔