وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب،مرکزی موضوع کشمیر

,

   

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمودقریشی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد۔22ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے امریکی دورہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا محور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ نیویارک پہنچنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس دورے میں ’مختلف ملکوں کے سربراہوں اور کشمیریوں کے وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔‘ وزیراعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کا پہلا موقع ہے اور ’وہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔‘پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پیر کو ناشتے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات کریں گے۔ پیر کو ہی وزیراعظم عمران خان نیویارک میں چین کے نائب وزیراعظم وانگ کیشان سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نیویارک میں قیام کے دوران روزویلٹ ہوٹل میں ٹھہریں گے جو جزوی طور پر پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی ملکیت ہے۔جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے سے قبل پاکستان کے وزیراعظم نے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔پاکستان کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان سے مشرق وشطیٰ میں ’حالیہ نازک صورتحال‘ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔’ہم نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا لیکن ان سے احتیاط برتنے پر بھی زور دیا۔‘شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا، ’ہم نے انہیں کہا ہے کہ فیصلے لینے میں جلدی نہ کریں کیونکہ اس سے خطے میں امن اور استحکام کو خطرہ ہو سکتا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے وفد نے سعودی حکام کے ساتھ اس اور دیگر مسئلوں پر بات چیت کی۔ ’یہ ایک اچھا تبادلہ رہا‘