وزیراعظم کے جلسہ عام میں 10 لاکھ عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات

   

25 ٹرینوں، سینکڑوں خانگی ٹرانسپورٹ کا انتظام، عوام کو بارش سے محفوظ رکھنے جرمن ہینگری ٹینٹس
حیدرآباد ۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہونے والے وزیراعظم نریندر مودی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بی جے پی کی طرف سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مختلف اضلاع سے عوام کو پریڈ گراؤنڈ منتقل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ کے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے جن اضلاع میں ٹرین کا نیٹ ورک موجود ہے وہاں سے 50 ہزار عوام کو حیدرآباد منتقل کرنے کیلئے 25 ٹرینوں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ سینکڑوں خانگی بسوں اور کاروں، دیگر ٹرانسپورٹ نظام سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے جنرل سکریٹری پردیپ کمار نے بتایا کہ وزیراعظم کے جلسہ عام کو یادگار بنانے کیلئے جلسہ عام میں 10 لاکھ عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میٹرو ریل کی سرویس میں اضافہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ شہر کے مضافات میں گاڑیوں کو پارک کرتے ہوئے میٹرو ریل سے سکندرآباد پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے تمام بوتھس سے لوگوں کو جلسہ عام منتقل کیا جارہا ہے۔ تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ موسم برسات کے پیش نظر اگر بارش ہوتی ہے تو عوام کو بارش سے محفوظ رکھنے کیلئے جدید ٹکنالوجی سے مربوط جرمن ہینگرس ٹینٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔ن