حیدرآباد25 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے رویہ سے سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم قومی صدر این چندرابابو نائیڈو کو صدمہ ہوا کیونکہ وزیراعظم نے تلگودیشم کے وفد کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ جگن موہن ریڈی حکومت کے اپوزیشن کے خلاف مظالم اور ریاست میں ڈرگس کی صورتحال سے واقف کرانے چندرابابو نائیڈو نے صدرجمہوریہ، وزیراعظم اور مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔ صدرجمہوریہ نے تلگودیشم قائدین سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم اور مرکزی وزیرداخلہ کی جانب سے ملاقات کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ تلگودیشم قائدین نے وزیراعظم کے رویہ پر حیرت کا اظہار کیا اور کہاکہ 40 سالہ طویل سیاسی تجربہ رکھنے والے چندرابابو نائیڈو کے ساتھ اس طرح کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔ تلگودیشم قائدین کا کہنا ہے کہ جس وقت نریندر مودی چیف منسٹر گجرات تھے، اُس وقت چندرابابو نائیڈو نے نئی دہلی میں قومی سیاست میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ایسے قائد کو ملاقات کا وقت نہ دینا افسوسناک ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی کی جانب سے مودی حکومت کی پالیسیوں کی تائید کے پیش نظر وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے تلگودیشم قائدین کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ نئی دہلی میں موجود تلگودیشم قائدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کو چاہئے کہ آندھراپردیش کی حقیقی صورتحال کے بارے میں جاننے اپوزیشن سے ملاقات کریں۔ تلگودیشم قائدین کو اُمید ہے کہ وزیراعظم جلد ملاقات کا وقت دیں گے۔ ر