حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ سوپر تھرمل پاور پراجکٹ مرحلہ I کو کل 4 مارچ کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ وہ عادل آباد سے ورچول تقریب میں حصہ لیتے ہوئے 2×800 میگا واٹ برقی تیار کرنے والے اس پراجکٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ تھرمل پاور پراجکٹ کا دوسرا یونٹ مکمل ہوچکا ہے اور یکم مارچ سے برقی کی تیاری کا آغاز ہوچکا ہے۔ نیشنل تھرمل پاورکارپوریشن نے 72 گھنٹوںکے ٹرائیل آپریشن کے بعد کمرشیل آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ 800 میگا واٹ پر مشتمل پاور پراجکٹ نے ستمبر 2023 سے برقی کی پیداوار کا آغاز کیا تھا۔ اس پراجکٹ کو نریندر مودی نے گذشتہ سال اکٹوبر میں قوم کے نام معنون کیا تھا۔
پاور پراجکٹ کا مرحلہ اول 10998 کروڑ سے مکمل ہوا ہے اور راما گنڈم اسٹیشن کے احاطہ میں اسے تعمیر کیا گیا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کے تحت 5×800 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ قائم کیا گیا جس کے ذریعہ تلنگانہ کو 85 فیصد برقی سربراہ کی جاتی ہے۔ 1