وزیر اعظم ماریشس کی ہندوستان آمد

,

   

واراناسی میں پرواسی بھارتیہ دیوس تقریب اور ممبئی میں یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت

نئی دہلی20جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ماریشس کے وزیراعظم پروند کمار جگن ناتھ ہندوستان کے ایک ہفتے کے دورے پر اتوار کو یہاں پہنچے ۔ وہ وارانسی میں پرواسی بھارتیہ دِوس تقریب اور ممبئی میں یوم جمہوریہ پریڈ میں شامل ہوں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر جگن ناتھ پرواسی بھارتیہ کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے پیر کو وارانسی روانہ ہوں گے ۔ وہ وہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد وہ فیری پر سے گنگا کی سیر کریں گے اور اس کے بعد گنگا کی آرتی میں شامل ہوں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ مسٹر مودی اور مسٹر جگن ناتھ منگل کو ملاقات کریں گے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج پیر کو ماریشس کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گی۔ مسٹر جگن ناتھ اس دوران 23 جنوری کو صدر رام ناتھ کووند سے بھی ملاقات کریں گے ۔ صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر سریش پربھو سے بھی مسٹر جگن ناتھ کی ملاقات کا پروگرام ہے ۔ اس کے علاوہ وہ 24 جنوری کو پریاگ راج جائیں گے اور کمبھ میلے کا دورہ کریں گے ۔مسٹر جگن ناتھ 25 اور 26 جنوری کو ممبئی میں ہوں گے جہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلی دویندر فرنویس ان سے ملاقات کریں گے ۔ وہ 26 جنوری کو شیواجی پارک میں منعقد ہونے والے یوم جمہوریہ پریڈ میں بھی شرکت کریں گے ۔