وزیر اعظم مودی کا دورہ حیدرآباد وسیع تر سکیوریٹی انتظامات ۔ کمشنر پولیس کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد۔ 23 جون ( سیاست نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ بی جے پی قومی عاملہ اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے حیدرآباد کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ اجلاس 2 جولائی کو ایچ آئی سی سی نووٹیل میں منعقد ہونے والا ہے ۔ اس کے علاوہ نریندر مودی 3 جولائی کو پریڈ گراونڈ پر ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کرنے والے ہیں۔ اس سلسلہ میں سٹی پولیس کی جانب سے وسیع تر سکیوریٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے سینئر پولیس عہدیداروں اور جی ایچ ایم سی عملہ کے علاوہ محکمہ برقی ‘ محکمہ عمارات و شوارع ‘ محکمہ فائر سروسیس ‘ فوج اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے سکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ کی تفصیلات ‘ ان کی آمد ‘ قیام ‘ پروگراموں میں شرکت اور ان کی واپسی اور ہنگامی منصوبوں کیت علق سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کمشنر پولیس نے سیاسی جماعتوں سے خواہش کی کہ وہ رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں بشمول اسپیشل پروٹیکشن گروپ کے حکام کے ساتھ تعاون کیا جاسکے ۔ وزیر اعظم کی سکیوریٹی کی ذمہ داری اسپیشل پروٹیکشن گروپ کی ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ اپنے پروگرامس میں لمحہ آخر میں کوئی تبدیلی نہ کریں۔ ٹریفک پولیس عملہ نے کہا کہ کنٹونمنٹ عہدیداروں کی جانب سے پریڈ گراونڈ پر جلسہ کے موقع پر گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بڑی جگہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ کئی اضلاع سے اس میں لوگ شرکت کرسکتے ہیں۔ اس کیع لاوہ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بی جے پی قائدین سے کہا کہ وہ درکار تعداد میں جنریٹرس بھی تیار رکھیں۔ سٹی پولیس سے سخت ترین انتظامات کئے جائیں گے ۔