وزیر اعظم مودی کی بھوٹانی ہم منصب سے وسیع تر بات چیت

,

   

ہند۔بھوٹان تعاون کے فروغ کیلئے 10 سمجھوتوں پر دستخط، مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

تمپو ۔/17 اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی اور اُن کے بھوٹانی ہم منصب لوٹائے شیرنگ نے ہفتہ کو وسیع تر باہمی بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے باہمی ساجھیداری کو مزید وسعت دینے کے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین نے مختلف شعبوں میں باہمی ساجھیداری کے فروغ کیلئے 10 سمجھوتوں پر دستخط کئے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو ایک نئی توانائی حاصل ہوئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’ ہماری بات چیت جامع رہی جس میں ہم نے ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعلقات پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا۔ ہمارے دو قوموں کے درمیان اقتصادی و ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عظیم تر مواقع ہیں۔‘‘ مودی نے جو اس سال مئی میں دوسری میعاد کیلئے انتخاب کے بعد بھوٹان کا دوسرا دورہ کررہے ہیں‘ یہاں منگدیچو پن بجلی گرڈ کا افتتاح کیا ۔ علاوہ ازیں پانی سے پیدا کی جانے والی توانائی کے شعبہ میں ہندوستان اور بھوٹان کے مابین پانچ دہائیوں قدیم تعاون کو اُجاگر کرتے ہوئے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ مودی نے تاریخی سنگھٹوکا زونگ پر اپنے بھوٹانی ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میری دوسری میعاد کے آغاز کے موقع پر بھوٹان کا دورہ کرتے ہوئے مجھے بے انتہا خوشی ہوئی۔‘‘ اس موقع پر خلائی تحقیق، ہوابازی، انفارمیشن ٹکنالوجی، توانائی و تعلیم جیسے اہم شعبوں میں تعاون کیلئے دونوں ملکوں کے مابین 10 یادداشت ہائے مفاہمت پر دستخطیں کی گئیں۔ مودی نے سنگھوٹاکا زونگ میں تعمیر کئے گئے تاریخی مقام پر خریدی کے ذریعہ ’ رو پے کارڈ ‘ جاری کیا۔ واضح رہے کہ سنگھٹوکا زونگ ایک تاریخی عمارت ہے جو 1629 عیسوی میں سبدرنگ نامگیال نے تعمیر کی تھی جو نہ صرف بودھ راہبوں کی خانقاہ بلکہ ایک انتظامی مرکز کے طور پر کام کرتی ہے اور یہ بھوٹان کی قدیم ترین عمارت میں شمار کی جاتی ہے۔ بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان اگرچہ اپنے حجم میں کافی فرق رکھتے ہیں لیکن مشترکہ عقائد، اقداراور تحریک رکھتے ہیں۔