وزیر اعظم مودی کی ڈونالڈ ٹرمپ سے فون پربات چیت

   

باہمی تعاون اورعالمی امن کیلئے ملکر کام کرنے کا عزم
نئی دہلی : ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد وزیراعظم مودی نے ان سے فون پر بات کی۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ شاندار بات چیت کی ہے اور انہیں ان کی شاندار جیت پر مبارکباد دی۔ ٹیکنالوجی، دفاع، توانائی، خلائی اور دیگر کئی شعبوں میں ہندوستان ۔امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک بار پھر مل کر کام کرنے کی امیدظاہر کی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کانگریس انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی فیصلہ کن جیت اور شاندار کارکردگی پر ٹرمپ کو مبارکباد دی۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عالمی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر بات کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان ایک شاندار ملک ہے اور مودی ایک شاندار شخص ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مودی سے کہا کہ وہ انہیں اور ہندوستان کو اپنا سچا دوست سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی ان پہلے عالمی رہنماؤں میں سے ایک تھے جن سے انہوں نے اپنی جیت کے بعد بات کی۔ڈونلڈ ٹرمپ اگلے سال امریکی صدر کی حیثیت سے ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ دراصل کواڈ لیڈرز سمٹ سال 2025 میں ہندوستان میں ہونے والی ہے جس میں شرکت کے لیے ٹرمپ ہندوستان آئیں گے۔ رکن ممالک (ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان) کے سربراہان کی اس کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی روایت رہی ہے۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ وزیراعظم مودی سے ان کی خصوصی ملاقات ہوگی۔