وزیر اعظم نریندر مودی نے اردو یونیورسٹی کی 3 نئی عمارتوں کا افتتاح انجام دیا

   

جموں سے ورچول افتتاحی تقریب، عمارتوں کی تعمیر پر مرکز کی 65 کروڑ کی امداد
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اسکول برائے بزنس مینجمنٹ و کامرس کے علاوہ انجینئرنگ ورکشاپ اور کٹک پالی ٹیکنک اٰڈیشہ کی نئی عمارتوں کا ورچول افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے آج جموں دورہ کے موقع پر مولانا آزاد اسٹیڈیم سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ملک کے مختلف تعلیمی اداروں کی نئی عمارتوں کا افتتاح انجام دیا۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کیمپس میں کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ کی دو منزلہ عمارت 11.19 کروڑ، انجینئرنگ ورکشاپ کی تین منزلہ عمارت 25 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔ اوڈیشہ کٹک میں پالی ٹیکنک کی دو منزلہ عمارت 28.22 کروڑ کے مصارف سے تعمیر کی گئی۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کیمپس کے آئی ایم سی پری وی تھیٹر میں وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن، رجسٹرار اشتیاق احمد، ڈینس، پروفیسرس اور مختلف شعبہ جات کے صدور نے اس پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔ بعد میں وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے سی پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے تعمیر کردہ کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ اور انجینئرنگ ورکشاپ کی عمارتوں پر نصب سنگ بنیاد کی رسم رونمائی انجام دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں سے اردو یونیورسٹی کے علاوہ ملک کی 12 مرکزی یونیورسٹیز،10 آئی آئی ٹی، 3 آئی آئی ایم، 25 کیندریہ ودیالیہ، روشن ودیالیہ کا افتتاح انجام دیا۔ مجموعی طور پر ان پراجکٹس پر 13000 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ وزیر اعظم نے بعض عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اسی دوران وائس چانسلر سید عین الحسن نے نئی عمارتوں کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت نے 65 کروڑ کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کیلئے تعاون کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی تعلیم اور تحقیق میں نئی بلندیوں کو طئے کرے گی۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر شگفتہ شاہین، پروفیسر صدیقی محمد محمود، پروفیسر عبدالواحد، پروفیسر بدیع الدین احمد، پروفیسر محمد عبدالعظیم، پروفیسر فاطمہ، پروفیسر رضا اللہ خاں، پروفیسر فریدہ صدیقی و دیگر نے شرکت کی۔1