وزیر اعظم نریندر مودی کو چیف منسٹر کے سی آر کا مکتوب کھاد کی موجودہ قیمتوں کی برقراری پر زور

   

حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ سے دستبرداری کی اپیل کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ملک کے کروڑہا کسانوں کی جانب سے حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ کھاد کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے اور اگر کوئی اضافی بوجھ ہو تو اسے حکومت ہند کو برداشت کرنا چاہیئے۔ کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ کسانوں پر بوجھ عائد نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے مرکزی حکومت کی جانب سے 2016 میں کئے گئے وعدے اور دیگر اسکیمات کا حوالہ دیا جس میں کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے کسانوں پر بوجھ میں پہلے ہی اضافہ ہوچکا ہے۔ موجودہ حالات میں کسانوں کو سبسیڈی کی فراہمی کے بجائے زائد بوجھ عائد کرنا مناسب نہیں ہے۔ کے سی آر نے اقل ترین امدادی قیمت کے بارے میں ایم ایس سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، کسانوں کی پیداوار کیلئے مناسب امدادی قیمت کی عدم فراہمی کے پس منظر میں کھاد کی قیمتوں میں اضافہ مناسب نہیں ہے۔ر