حیدرآباد۔19۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اولیو ہاسپٹل نانل نگر پہنچ کر چیف ایڈیٹر رہنمائے دکن جناب سید وقار الدین کی عیادت کی۔ وزیر داخلہ نے جناب وقار الدین کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس کی ٹیم سے بات چیت کی اور بہتر علاج اور عاجلانہ صحت یابی کے لئے ہر ممکن مساعی کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ جناب سید وقار الدین کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کی موجودہ صورتحال اور علاج کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے ڈاکٹرس نے کہاکہ وہ جلد صحت یابی کیلئے بہتر سے بہتر علاج کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے علاج کے سلسلہ میں ماہر ڈاکٹرس سے صلاح و مشورے کی تجویز پیش کی اور ضرورت پڑنے پر حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر داخلہ نے جناب سید وقارالدین سے بات چیت کی اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسی دوران کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے بھی ہاسپٹل پہنچ کر جناب سید وقارالدین کی عیادت کی اور صحت سے متعلق تفصیلات ڈاکٹرس سے حاصل کیں۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے کہا کہ علاج کے سلسلہ میں کوئی کمی باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب سید وقارالدین کی سماجی خدمات سے کافی متاثر ہیں۔ انہوں نے عاجلانہ صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کمشنر پولیس نے ہاسپٹل میں موجود جناب وقارالدین کے رشتہ داروں سے بھی بات چیت کی۔ ایڈیٹر رہنمائے دکن کی صحت یابی کیلئے شہر اور اضلاع کی مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ کئی دینی اداروں اور جماعتوں کی جانب سے جناب وقارالدین کی صحت کے لئے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈاکٹرس کے مطابق جناب وقار الدین کے اعضاء رئیسہ صحت مند ہیں صرف کمزوری بڑھ چکی ہے جس پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے جناب وقارالدین کی صحت سے متعلق تفصیلات کیلئے متعلقہ افراد سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور کمشنر پولیس انجنی کمار کو جناب وقارالدین سے ملاقات کا مشورہ دیا تھا تاکہ ان کی صحت کا کوئی ناجائز فائدہ نہ اٹھانے پائیں۔ ر