حیدرآباد۔/25 جون، ( پریس نوٹ ) ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی جناب تلا سانی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد شہر حیدرآباد نے تمام شعبوں میں بہترین ترقی کی ہے۔ ہفتہ کے روز سرینواس یادو نے ایم ایل سی پربھاکر راؤ، ایم ایل اے، ڈپٹی میئر موتے سری لتا اور بیوریجس کے چیرمین گجیلا ناگیش کے ہمراہ سکندرآباد کے سینٹ اینس اسکول کے قریب 5 کروڑ روپئے کی لاگت سے جدید ترین فٹ اوور برج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر نے کہا کہ وزیر بلدیات جناب کلوا کنٹلہ تارکا راما راؤ کی سرپرستی میں اربوں روپئے کی لاگت سے کئی ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے نئے فلائی اوور ، انڈر پاسز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی ترقی اور سڑکوں کو وسیع کرنے کا کام جاری ہے۔ پیدل چلنے والوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے فٹ اوور برجس اور انڈر پاس بنائے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے تحت اب تک 7 فٹ اوور برج عوام کے لئے دستیاب کرائے گئے ہیں اور مزید 22 پلوں پر تعمیراتی کام جاری ہیں اور جلد ہی عوام کیلئے دستیاب کرائے جائیں گے۔ نالوں کی جدید تعمیر کے لئے ایک جامع نالہ ترقیاتی پروگرام SNDP شروع کیا گیا ہے۔ وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نالوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ اوور فلو بنانے کے کام بھی جاری ہیں۔ نالوں کی جدید تعمیر سے نالوں کے آس پاس کے لوگوں کو کئی سالوں سے درپیش سیلاب کے مسئلہ کا مستقل حل نکالا جاسکتا ہے۔ اس تقریب میں کارپوریٹرس دیپیکا، کولن لکشمی، مہیشوری، زونل کمشنر سرینواس ریڈی، ایس ای انیل راج، ڈی سی سی مکندا ریڈی، ای ای سدرشن اور دیگر نے شرکت کی۔