لکھنؤ:14 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے 51 ہزار روپئے دئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔اس سے قبل پٹنہ کے مہاویر ٹرسٹ نے رام مندر کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ روپئے دئیے جانے کا اعلان کیا تھا۔ ٹرسٹ ہر سال دو کروڑ روپئے دے گا۔ مہاویر ٹرسٹ سابق آئی پی ایس افسر کنال کشور چلاتے ہیں۔ وہ اس ٹرسٹ کے سربراہ ہیں۔رام مندر کی تعمیر کے لئے 51 ہزار روپئے دئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے رضوی نے کہا کہ بورڈ نے پہلے ہی سپریم کورٹ میں رام مندر کے حق میں عرضی داخل کر کے اپنا تعاون پیش کیا تھا۔اجودھیا قضیہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ توقعات کے عین مطابق آیا ہے ۔ یہی ایک راستہ تھا جس کے تحت اس معاملے کو حل کیا جاسکتا تھا۔عطیہ کی یہ رقم وسیم رضوی کی فلم پروڈکشن کمپنی کی جانب سے دی گئی ہے ۔ رقم وسیم رضوی فلم کے ذریعہ اشفاق حسین‘ضیاء’ کے ہاتھوں رام جنم بھومی نیاس کے مہنت راکیش داس کو دی گئی ہے ۔مسٹر رضوی نے مزید کہا کہ اگر مسجد بنائی گئی تو وہ مسجد کی تعمیر میں بھی اپنا تعاون ضرور پیش کریں گے ۔