وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں تخفیف کا وعدہ وفا نہ ہوسکا

   

سینکڑوں درخواست گذار وظیفہ کے منتظر، چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان، عمل ندارد

حیدرآباد۔8۔مئی۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وظیفہ پیرانہ سالی کی عمر میں تخفیف کا اعلان کئے ہوئے قریب ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں داخل کی گئی درخواستوں کی یکسوئی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی درخواست داخل کرنے والوں کو وظائف کی اجرائی کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے وظیفہ کے لئے موجود حد عمر65سال سے گھٹا کر 57 کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے اور جولائی 2021 سے 57 سال کی عمر والوں کی وظیفہ پیرانہ سالی کی درخواستیں وصول کی جانے لگی ہیں اور می سیوا کے ذریعہ وصول کی گئی درخواستوں کی تعداد اب 8لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے لیکن کوئی عہدیداران درخواست گذاروں کی درخواستوں کے متعلق کئے جانے والے فیصلہ یا ان کی تنقیح کے عمل کے متعلق جواب دینے کے لئے آمادہ نہیں ہے۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اعلان کے بعد می سیوا کے ذریعہ 57 سال عمر کے درخواست گذاروں کی درخواستوں کی وصولی کے اقدامات کئے گئے اور اب تک 8لاکھ 8ہزار987درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن کی عمر 57سال ہے۔ اندرون 10ماہ وصول ہونے والی ان درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں اسی لئے یہ درخواستیں زیر التواء ہیں۔حیدرآباد میں 57سال عمر کے درخواست گذاروں کی تعداد جو وظیفہ پیرانی سالی کے لئے درخواست داخل کرتے ہوئے منتظر افراد کی تعداد 66ہزار 476ہے جبکہ میڑچل ۔ملکا جگری ضلع سے 43ہزار 549 افراد نے وظیفہ پیرانہ سالی کے لئے درخواستیں داخل کی ہیں‘ ضلع رنگاریڈی سے 46ہزار 847 درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔اسی طرح سے تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع سے ہزاروں افراد نے وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں تخفیف کے بعد رخواستیں داخل کی ہیں لیکن ان کی درخواستوں پر اب تک بھی کوئی کاروائی نہیں ہوئی جس کے سبب عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ م