وقار یونس قرنطینہ سے باہر آگئے

   

سڈنی ۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلیا چلے گئے تھے جہاں وہ 14 روز تک قرنطینہ میں رہے۔اس موقع پر وقار یونس نے کہا کہ وہ لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔واضح رہے کہ وقار یونس پاکستان سوپر لیگ کے دوران کمنٹری میں مصروف رہے، وہ کمنٹری کے لیے غیر ملکی ساتھیوں کے ہمراہ لاہور، کراچی اور ملتان میں کمنٹری کرتے رہے۔ کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کر دیئے گئے اور اس کے بعد وقار یونس اپنے خاندان کے پاس آسٹریلیا چلے گئے جہاں سڈنی میں ان کا خاندان مقیم ہے۔ بین الاقوامی سفر کے بعد وقار یونس ازخود تنہائی میں چلے گئے کیونکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بین الاقوامی سفر کے بعد از خود تنہائی کو ضروری قرار دیا جاتا ہے، اس طرح وقار یونس سڈنی پہنچنے کے بعد ازخود تنہائی میں چلے گئے تھے۔ دوسری طرف وقار یونس کی اہلیہ فریال وقار ڈاکٹر ہیں اور ان دنوں پیدا ہونیوالی صورت حال میں وہ ہنگامی خدمات پر ہیں لیکن دنوں میاں بیوی بڑے باہمت ہیں اور مشکل وقت کو حوصلے کے ساتھ گزار رہے ہیں۔