وقف بورڈ میں تولیت اور منیجنگ کمیٹی کی آن لائن خدمات کا 10 مئی سے آغاز

   

کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے اصلاحات ،فائیل کی پیشرفت کی فون پر اطلاع: شاہنواز قاسم

حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں عوام کی بہتر خدمات کے سلسلہ میں اصلاحات پر عمل آوری کا سلسلہ جاری ہے۔ قضاۃ سیکشن سے میریج اور دیگر سرٹیفکیٹس کی اجرائی کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرنے کے بعد تولیت، منیجنگ کمیٹی اور رجسٹریشن آف وقف پراپرٹیز جیسی خدمات کیلئے آن لائن سرویس کا 10 مئی سے آغاز ہوگا۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تولیت اور منیجنگ کمیٹیوں کی تشکیل نو یا پھر تجدید کے علاوہ نئے جائیدادوں کے وقف رجسٹریشن کی درخواستیں داخل کرنے کیلئے عوام کو وقف بورڈ پہنچنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی سے آن لائن سسٹم متعارف کیا جارہا ہے اور تمام درخواستیں آن لائن داخل کرنا ہوگا۔ درخواستوں کے ادخال کے وقت او ٹی پی نمبر آئے گا اور اس کے مطابق فائیل کی پیشرفت کی تفصیلات فون نمبر پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ میں کرپشن، درمیانی افراد کی سرگرمیوں اور بورڈ کے عہدیداروں کے کام میں مداخلت کو روکنے کیلئے آن لائن سرویس متعارف کی جارہی ہے جو کامیاب ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قضاۃ میں یہ تجربہ کامیاب رہا۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ تولیت اور منیجنگ کمیٹیوں کے سلسلہ میں لوگ سادہ کاغذ پر درخواست داخل کرنے کے بعد عہدیداروں کے چکر کاٹتے ہیں جس کے نتیجہ میں کرپشن کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ آن لائن سرویس متعارف کرنے سے کمیٹیوں اور متولیوں کی حقیقی تعداد کے علاوہ ہر ادارہ کی آمدنی اور وقف فنڈ ادائیگی سے متعلق تفصیلات بھی وقف بورڈ کو حاصل ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے بعد درخواست گذار کو رسپٹ نمبر ملے گا اور اندرون 60 یوم درخواست کی یکسوئی کردی جائے گی کیونکہ اس معاملہ کو بورڈ کے اجلاس میں پیش کرنا لازمی ہوتا ہے۔ فائیل کی پیشرفت کے علاوہ بورڈ میں منظوری یا مسترد کئے جانے کی اطلاع بھی درخواست گذار کو فون پر دی جائے گی۔60 دن تک فائیل کی یکسوئی نہ ہونے کی صورت میں وقف بورڈ ذمہ دار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضروری دستاویزات اور اطلاعات کو داخل کئے بغیر آن لائن درخواستیں قبول نہیں ہوں گی۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ وقف بورڈ کی خدمات کو آن لائن سرویس کے ذریعہ مہیا کرنے کا مقصد بورڈ کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنا ہے۔ر