وقف بورڈ میں خدمات سے مطمئن ہوں، ملازمین کو خوف خدا کے ساتھ کام کا مشورہ

   

صدرنشین محمد سلیم کی وداعی تقریب، وقف جائیدادوں کے تحفظ اور آمدنی میں اضافہ کی ستائش
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدہ پر محمد سلیم کی 5 سالہ میعاد کی تکمیل کے موقع پر آج وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین نے وداعی تقریب منعقد کی جس میں صدر نشین محمد سلیم کی خدمات کو سراہا گیا۔ ملازمین کی اسوسی ایشن، تمام اسسٹنٹ سکریٹریز اور اسٹاف ممبرس نے پانچ سالہ میعاد کے دوران اوقافی جائیدادوں کے تحفظ، وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے محمد سلیم کی دیانتدارانہ اور سنجیدہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عہدیداروں اور ملازمین نے کہا کہ محمد سلیم کا دور تلنگانہ وقف بورڈ کی تاریخ میں سنہرا دور رہا۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ سے تنخواہ اور دیگر مراعات حاصل کئے بغیر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ مساعی کرتے ہوئے آنے والے صدرنشین کیلئے مثال قائم کی ہے۔وداعی تقریب میں تقریباً تمام عہدیداروں اور ملازمین نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے پانچ سالہ تجربات بیان کئے۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ملازمین کو دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اللہ کی امانت کا تحفظ کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ عہدیداروں کے خوف کے بجائے اللہ کے حضور جوابدہی کے احساس کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ دوسری میعاد میں بورڈ نے کئی اہم جائیدادوں کا تحفظ کیا اور بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا۔ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور کسی بھی مخالف کو چیالنج کرتا ہوں کہ وہ ایک بھی غلط فیصلہ کو ثابت کرے۔ انہوں نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر اور دیگر عہدیداروں اور ملازمین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ زائد ذمہ داریوں کے نتیجہ میں شاہنواز قاسم وقف بورڈ کیلئے مکمل وقت دینے سے قاصر رہے۔ عنقریب نئے چیف ایگزیکیٹو آفیسر یا اسپیشل آفیسر کا تقرر کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ صدر نشین کی میعاد کی تکمیل کے باوجود وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے مساعی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن کو روکنے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر آئندہ جو بھی ذمہ داری دیں گے وہ انہیں بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔ محمد سلیم نے ریاستی وزراء، کے ٹی آر، ہریش راؤ، محمد محمود علی اور کے ایشور سے اظہار تشکر کیاکہ انہوں نے وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے میں ہمیشہ دست تعاون دراز کیا۔ محمد سلیم نے امید ظاہر کی کہ نیا وقف بورڈ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ و ترقی میں اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور ملازمین کو نئے بورڈ سے مکمل تعاون کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر عہدیداروں اور ملازمین نے محمد سلیم کی بکثرت گلپوشی کی۔ وقف بورڈ کے ارکان مرزا انواربیگ اور وحید احمد وداعی تقریب میں موجود تھے۔ وقف بورڈ کی میعاد کل 23 فروری کو ختم ہورہی ہے۔ر