ویجلنس و انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں آج جائزہ اجلاس
حیدرآباد 13مئی (سیاست نیوز) ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ میں تلنگانہ وقف بورڈ کے زیرالتواء مقدمات کی یکسوئی اور ان پر کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلہ میں تفصیلات سے آگہی حاصل کرنے 14 مئی 2025کو بی آر کے آر بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا ہے اور ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں 2014تا2024 کے درمیان درج مقدمات میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ڈائرکٹر جنرل ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ کے پاس اس جائزہ اجلاس میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کو تمام مقدمات کی تفصیلات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ میں زیر دوراں مقدمات میں مدینہ بلڈنگ وقف ‘ فخرالملک وقف ایس آر نگر کے علاوہ موجودہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر جناب اسد اللہ اور اکاؤنٹ آفیسر محترمہ ممتاز بیگم کے خلاف درج مقدمات بھی شامل ہیں۔ ذرائع سے کے مطابق موجودہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے خلاف ویجلنس میں غیر مجاز ڈی اے حاصل کرنے کا الزام تھا اور اس انکشاف کے بعد موجودہ سی ای او نے 2016 میں اپنی معیاد کے دوران ہی غیر مجاز طریقہ سے وقف بورڈ سے حاصل کی گئی رقم کے متعلق انکشاف کے بعد اسے بورڈ میں واپس جمع کروادیا تھا ۔ بتایا گیا کہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر جنہیں سابق میں ان الزامات اور ویجلنس میں مقدمہ کے اندراج کے بعد وقف بورڈ سے خدمات کو واپس کردیا تھا لیکن اب جبکہ دوبارہ وہ وقف بورڈ کے چیف اکزیکیٹیو آفیسر ہیں اس مقدمہ کے متعلق ویجلنس کے جائزہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل نے جناب اسداللہ کے ڈی اے وصولی کے مقدمہ کو بعد از تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جناب اسداللہ کے خلاف ویجلنس کے مقدمہ کو ان کے اپنے محکمہ مال میں تاحال بند نہیں کیاگیا جس کے نتیجہ میں امکان ہے کہ 14مئی کو ویجلنس عہدیدار اس مقدمہ کے متعلق تفصیلات طلب کرینگے۔ تلنگانہ وقف بورڈ حکام کے مطابق ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ کی طلبی کے دوران مذکورہ شکایات اور ان پر کی گئی کاروائیوں کے سلسلہ میں تمام تفصیلات اور ریکارڈس کو پیش کیا جائے گا۔3