وقف بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کا اچانک تبادلہ،خواجہ معین الدین کی خدمات محکمہ پولیس کو واپس

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں جاری مختلف سرگرمیوں کی شکایت ملنے پر حکومت نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر خواجہ معین الدین کی خدمات کو محکمہ پولیس میں واپس کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے جی او آر ٹی 37 جاری کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ میں انتخابی سرگرمیوں کی آڑ میں کئی ایسی سرگرمیاں جاری تھیں جو اوقافی جائیدادوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف تھی۔ حکومت نے تعطیل کے باوجود 16 اپریل کی رات دیر گئے جی او جاری کرتے ہوئے خواجہ معین الدین کو انچارج چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی اضافی ذمہ داری سے سبکدوش کردیا اور انہیں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ۔ حکومت نے خواجہ معین الدین کو وقف بورڈ میں چیف ویجلنس آفیسر مقرر کیا تھا، بعد میں انہیں انچارج چیف اگزیکیٹیو آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔ محکمہ پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدہ پر فائز خواجہ معین الدین کی خدمات محکمہ داخلہ میں واپس کردی گئی ہے۔ کمشنر اقلیتی بہبود کو چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ اور چیف ویجلنس آفیسر کے تقرر کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ لوک سبھا چناؤ کے اختتام تک سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال اضافی ذمہ داری سنبھالیں گے اور الیکشن کے بعد نئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کا تقرر کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق وقف بورڈ کے بارے میں چیف منسٹر کے دفتر کو کئی شکایات موصول ہوئیں جس پر ریونت ریڈی نے اپنے سکریٹری شاہنواز قاسم سے مشاورت کی اور فوری طور پر خواجہ معین الدین کی خدمات واپس کرنے کی ہدایت دی۔ 1