متحدہ 10 اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل، ضرورت پڑنے پر عوام سے بھی معلومات کا بھی حصول : محمد محمود علی
حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ ریاست میں وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔ سابقہ متحدہ 10 اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکومت وقف جائیدادوں کے غیر مجاز قابضین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی نے آج اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری روی گپتا اور سی بی سی آئی ڈی کے ڈائرکٹر جنرل گویند سنگھ موجود تھے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر وقف جائیدادوں کے تحفظ کے معاملہ میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔ انھوں نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں 7 اکٹوبر 2021 ء کو وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جی او ایم ایس نمبر 20 بھی جاری کردیا گیا اور اس کی ذمہ داری سی بی سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈی جی پی کو سونپی گئی ہے۔ متعلقہ عہدیداروں نے وزیرداخلہ کو بتایا کہ سابقہ 10 متحدہ اضلاع میں سی آئی ڈی کی 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جنھوں نے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔ ساتھ ہی ریاستی وقف بورڈ سے وقف جائیدادوں کے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جیسے ہی وقف بورڈ سے تفصیلات حاصل ہوں گی فوری کارروائی شروع کردی جائے گی۔ وزیرداخلہ نے تحقیقات میں غفلت اور لاپرواہی نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر محکمہ کے علاوہ عوام سے بھی وقف جائیدادوں کے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ کے معاملہ میں حکومت عہد کی پابند ہے۔ ن