وقف رحمانیہ کے ریونیو ریکارڈز میں تبدیلی کا مسئلہ

   


وقف بورڈ کے حق میں حکم التواء ، بورڈ نے ای پاس بک کی اجرائی رکوادی
حیدرآباد۔9 ۔جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے وقف رحمانیہ کی جائیداد کے ریوینیوریکارڈس میں تبدیلی کے خلاف حکم التواء حاصل کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ضلع محبوب نگر کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم التواء کے متعلق واقف کرواتے ہوئے 18ایکڑ 23 گنٹے اراضی کے ای۔پاس بک کی اجرائی کو رکوا دیا۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کی ہدایت پر اسٹینڈنگ کونسل وقف بورڈ جناب ابواکرم نے برسوںسے زیر التواء وقف رحمانیہ کے مقدمہ میں رٹ اپیل داخل کی جسٹس تکارام نے سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے ای۔پاس بک کی اجرائی کیلئے داخل کی گئی درخواست پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی آئندہ سماعت 20مارچ 2023کو مقرر کی ہے۔جسٹس تکا رام کی جانب سے احکام کی اجرائی کے ساتھ ہی صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے شعبہ قانون کے عہدیدار اور اسٹینڈنگ کونسل کو فوری طور پر اس سلسلہ میں ایک میمو ضلع کلکٹر محبوب نگر سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے حوالہ کرنے کی تاکید کی جس پر عہدیداروں اور اسٹینڈنگ کونسل نے کلکٹر کو میمو حوالہ کرتے ہوئے مقدمہ کی نوعیت اور ہائی کورٹ کے احکامات سے واقف کروایا اور کہا کہ عدالت کے حکم التواء کے مطابق مذکورہ وقف اراضی پرجائیداد کی منتقلی کی درخواست کو قبول نہ کیا جائے اورای۔پاس بک کی اجرائی کو روک دیا جائے۔ م

جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ سال 2021ستمبر میں 18.23 ایکڑ اراضی کی خریدی کا دعویٰ کرتے ہوئے ای پاس بک کی اجرائی کے لئے عدالت میں داخل کی گئی درخواست میں وقف بورڈ کو فریق نہیں بنایا گیا تھا لیکن اب وقف بورڈ عدالتی مقدمات میں متحرک رہے گا اور ان کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔م