وقف قانون کے خلاف کل مساجد کے باہر فلاش پروٹسٹ

   

24 مئی کو بڑے پیمانے پر احتجاج ، مسلم جائنٹ ایکشن کا اعلان
حیدرآباد۔14مئی(سیاست نیوز) مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کے مطابق وقف ترمیمی بل 2025کو تلنگانہ بھر میں 16مئی کو بعدنماز جمعہ مساجد کے باہر فلیش پروٹسٹ کا اعلان کیا ہے۔جے اے سی کے ذمہ داران نے اس خصوص میںایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں عثمان محمد خان ‘ ڈاکٹرتوفیق احمد‘ رحیم اللہ خان نیازی‘شکیل دیانی‘ ایڈوکیٹ شکیل‘ علی بن لحمدی ‘ سید سمیع‘ایم اے غفار‘حافظ سلطان مجاہد‘ راشد خان‘ محمد نظام الدین ‘حافظ عبدالحفیظ‘فیصل خان کے نام شامل ہیں جو شہر حیدرآباد اور اضلاع میںمنعقد ہونے والے احتجاجی پروگراموں کو قطعیت دی گی۔ واضح رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 24مئی کو وقف ترمیمی بل کے خلاف ملین مارچ کے طرز پر احتجاج کا اعلان کیاہے ۔ جے اے سی کے ذمہ داران کو پورا بھروسہ ہے کہ اس مرتبہ کوتوال شہرحیدرآباد بلدہ کی جانب سے مجوزہ احتجاج کو منعقد کرنے کے لئے اجازت مل جائیگی ۔ متعلقہ ذمہ داران نے بتایاکہ جے اے سی میں شامل شہر اور اضلاع کے ذمہ داران کو بھی راست اور واٹس ایپ کے ذریعہ پیغامات ارسال کردئے گئے ہیں۔ وقف ترمیمی قانون 2025کو مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر کار ضرب قراردیتے ہوئے مسلم جوائنٹ کمیٹی میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں‘ مذہبی تنظیمو ںاور سماجی اداروں کے سربراہان مرکزی حکومت سے مسلسل بل سے دستبرداری کی مانگ کررہے ہیں۔ مسلم جے اے سی کے ذمہ داران نے 16مئی کو بعد نماز جمعہ اپنے اپنے علاقوں کی مساجد کے باہر پرامن ’فلیش پروٹسٹ ‘کرنے کی تلنگانہ کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے۔