ماسکو: یوکرین پر جنگ مسلط کرنے پر اختلاف کی وجہ سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے قریبی ساتھی بھی انہیں چھوڑنے لگے ہیں۔لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں انٹیلی جنس سروسز نے بتایا کہ معروف روسی صحافی اور ٹی وی میزبان کیسنیا سوبچک اور صدر ولادیمیر پوتن کی بپتسمہ یافتہ بیٹی ماسکو میں پولیس کے ان کے ایک گھر پر چھاپہ مارنے کے بعد لتھوانیا فرار ہو گئی ہیں۔ کیسنیا روس کی ایک معروف میڈیا پرسن ہیں، جو صحافت میں کیریئر شروع کرنے سے پہلے ایک رئیلٹی شو کی میزبان کے طور پر شہرت حاصل کر چکی ہیں۔کیسنیا 2018ء میں روس کی صدارتی امیدوار بھی رہ چکی ہیں۔ یہ ایک ایسا اقدام تھا جس کے ناقدین کا کہنا تھا کہ یہ ایک پروپیگنڈا عمل تھا جس کا مقصد کریمیلن کو مسابقتی انتخابات کا تاثر پیدا کرنے میں مدد کرنا تھا۔مفرور صحافیہ سینٹ پیٹرزبرگ کے سابق میئر اناتولی سوبچک کی بیٹی ہیں، جنہیں پوتن نے پہلے اپنا استاد قرار دیا تھا ۔