عدالت سے انصاف ۔ عوام سے ووٹ مغربی بنگال انتخابات کا انوکھا واقعہ
حیدرآباد : /8 مئی (سیاست نیوز) مغربی بنگال کے حالیہ انتخابات میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے ۔ ایک شخص جس کا نام الیکشن سے عین قبل ووٹر لسٹ سے خارج کردیا گیا تھا ۔ نہ صرف الیکشن لڑنے میں کامیاب رہا بلکہ جیت کا تاج بھی اپنے سر سجالیا ۔ یہ دلچسپ کہانی فراکہ (Faraka) اسمبلی حلقہ کے امیدوار مہتاب شیخ کی ہے ۔ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے دوران حکام نے مہتاب شیخ کا نام فہرست رائے دہندگان سے نکال دیا گیا تھا ۔ قانون کے مطابق جس شخص کا نام ووٹر لسٹ میں نہ ہو وہ انتخاب لڑنے کیلئے نااہل تصور کیا جاتا ہے ۔ مہتاب شیخ نے ہمت ہارنے کے بجائے سپریم کورٹ کے مقرر کردہ ٹریبونل کا دروازہ کھٹکھٹایا اور اپنے حق رائے دہی کی بحالی کیلئے قانونی جنگ لڑی ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ختم ہونے میں جب محض چند گھنٹے باقی تھے ۔ ٹریبونل نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور ان کا ووٹنگ حق فوری طور پر بحال کیا گیا جس کے بعد انہوں نے بطور کانگریس امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ جب نتائج کا اعلان ہوا تو مہتاب شیخ نے اپنے قریبی حریف بی جے پی کے امیدوار سنیل چودھری کو 8000 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا ۔ یہ واقعہ اس بات کی مثال بن گیا ہے کہ اگر قانونی راستہ درست طریقہ سے اپنایا جائے تو سسٹم کی غلطیوں کو صحیح کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ 2/y