اہل افراد کے ناموں کے اندراج اور غلطیوں کی بروقت اصلاح کی جائے : کلکٹر
نارائن پیٹ۔ 22ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نارائن پیٹ میں ووٹر لسٹ میں ترمیم اور نظرثانی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے مقصد سے ضلع کلکٹر شریمتی سی ایچ پرینکا نے کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ووٹر لسٹ میں نئے ووٹروں کے اندراج، نااہل یا فوت شدہ افراد کے نام حذف کرنے اور ووٹر کی تفصیلات میں اصلاح کے لئے مقررہ فارموں کے استعمال کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نئے ووٹر کے اندراج کے لیے فارم۔6، کسی نام کے اندراج پر اعتراض یا نام حذف کرنے کے لیے فارم۔7 اور ووٹر کی تفصیلات میں تصحیح یا تبدیلی کیلئے فارم۔8 استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ضلع کلکٹر پرینکا نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر لسٹوں کی جانچ اور تصدیق کے عمل میں فعال طور پر حصہ لیں اور اگر کسی نام کے اندراج، اخراج یا تفصیلات میں کوئی خامی پائی جائے تو مقررہ مدت کے اندر متعلقہ درخواست یا اعتراض داخل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے دوران موصول ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات کی جانچ، ان کے ازالے اور اس کے بعد حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے لیے مقررہ شیڈول کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے تعاون کو ووٹر لسٹ کی شفافیت اور درستگی کے لیے اہم قرار دیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) سرینو، الیکشن ڈپارٹمنٹ آفیسر جیا سودھا، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سدرشن ریڈی، محمد سلیم، راگھوا چودھری، ایم آئی ایم ضلع صدر عبدالقدیر کے علاوہ متعلقہ عہدیداروں اور دیگر نے شرکت کی۔