وکیل کی رہائش گاہ پر حملہ کرنے اور خواتین کیساتھ دست درازی کرنے پر دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /25 فبروری (سیاست نیوز) ملک پیٹ پولیس نے وکیل کے مکان پر حملہ کرنے اور خواتین سے دست درازی کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب /23 فبروری کو آسمان گڑھ ملک پیٹ کے ساکن محمد ناظم الدین جو پیشہ سے وکیل ہے اپنے افراد خاندان کے ساتھ مانصاحب ٹینک میں واقع ایک ڈینٹل ہاسپٹل میں علاج کے بعد مکان واپس لوٹ رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والے ہیرو ہونڈا اکٹیوا پر سوار دو افراد نے ان کے بیٹے محمد صفی الدین سے گالی گلوج کی۔ وکیل کی جانب سے پولیس میں درج کی گئی شکایت کے مطابق ملک پیٹ کے ساکن شیخ عبدالخواجہ اور اس کے بھائی شیخ عبدالکلیم اور دیگر ساتھیوں نے مبینہ طور پر وکیل کے مکان پہونچ کر سنگباری کی اور بعد ازاں انہیں دھمکایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ افراد نے وکیل کی بیٹی سے بھی دست درازی کی اور انہیں دھمکایا ۔ جس کے نتیجہ میں ایڈوکیٹ محمد ناظم الدین ملک پیٹ پولیس اسٹیشن سے شکایت درج کروائی اور سب انسپکٹر بی سرینو نائک نے خواجہ اور کلیم کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 336 ، 452 ، 427 ، 354 ، 506 اور 323 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔