وہ لوگ شادی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے :آہوجا

   

ممبئی،21 اگست (آئی اے این ایس) بالی ووڈ اداکارگووندا کی ازدواجی زندگی سے متعلق تنازعہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ ان کی اہلیہ سونیتا آہوجا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گووندا سے طلاق کی درخواست اس وقت واپس لے لی جب انہیں معلوم ہوا کہ گووندا اور کومل رانی سوارنکر مبینہ طور پر شادی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ یہ انکشاف سونیتا کی جانب سے طلاق کی درخواست واپس لیے جانے کے بعد سامنے آیا۔ اداکارہ راکھی ساونت نے ممبئی میں پاپارازی سے گفتگو کے دوران سونیتا سے فون پر بات کی اورکال اسپیکر پر رکھ دی، جس کے دوران سونیتا نے اپنی بات لوگوں تک پہنچائی۔ سونیتا نے راکھی سے کہا کہ انہیں ان کی حمایت میں آواز اٹھانی چاہیے کیونکہ وہ بہت سی باتوں سے واقف ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کئی دنوں سے خاموش تھیں اور اشارہ دیا کہ گووندا کسی دوسری خاتون کو ان کی جگہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سونیتا نے واضح طور پر کہا میں نے کل طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا کیونکہ وہ لوگ شادی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ راکھی ساونت نے سونیتا کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کی درخواست واپس لینا درست فیصلہ ہے۔ انہوں نے سونیتا کو اپنے مالی مفادات کے تحفظ کا بھی مشورہ دیا۔ راکھی نے سونیتا سے کہا کہ وہ مبینہ طور پر200 کروڑ روپے کی جائیداد یا مالی اثاثوں پر توجہ دیں اور اپنے نام پر زیادہ سے زیادہ اثاثے منتقل کرلیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگرکوئی دوسری خاتون گووندا کی زندگی میں آتی ہے تو وہ مالی معاملات پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ سونیتا کے ان دعوؤں کے بعد گووندا کی ازدواجی زندگی اور ان کے رشتے سے متعلق قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ تاہم، مذکورہ دعوے سونیتا آہوجا اور راکھی ساونت کی گفتگو پر مبنی ہیں۔