ویسٹ انڈیز نے ونڈے سیریز 3-0 سے جیت لی

   

نارتھ پوائنٹ : ڈیرن براؤ کی ونڈے کیرئیر میں چوتھی بین الاقوامی سنچری نے ویسٹ انڈیز کو یہاں مہمان ٹیم سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری مقابلہ میں 5 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرنے میں مدد دی۔ جبکہ میزبان ٹیم نے رواں سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کرلی۔ براؤ جس وقت 47 ویں اوور میں 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اُس وقت ویسٹ انڈیز کو سری لنکا کی جانب سے بنائے جانے والے اسکور 274/6 کو عبور کرنے کے لئے 26 رنز درکار تھے۔ علاوہ ازیں انھوں نے کپتان کیرن پولاڈ کے ساتھ 80 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جبکہ پولارڈ نے ناقابل تسخیر 53 رنز اسکور کئے جس کی بدولت میزبان ٹیم نے 9 گیندیں قبل ہی مطلوبہ نشانہ پورا کرلیا۔ براؤ نے اِس سے قبل شائی ہوپ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لئے 109 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور یہ پارٹنرشپ ایک ایسے وقت بنی جب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 10 ویں اوور میں 39/2 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی۔ کپتان جیسن ہولڈر نے 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے اسکور کو 276/5 تک پہنچایا اور کامیابی کو یقینی بنادیا۔ براؤ نے جون 2016 ء میں آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف برج ٹاؤن میں 102 رنز کی اننگز کھیلی گئی۔کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے براؤ نے کہاکہ آج کا دن میرے لئے اہم دن تھا کیوں کہ گزشتہ روز میری بہن کی 30 ویں سالگرہ تھی اور میں اُس تقریب میں شرکت نہیں کرپایا تھا تاہم آج کی یہ سنچری میں اپنی بہن کے نام معنون کرتا ہوں۔