ویسٹ انڈیز کے 2 سابق کرکٹرس کی موت

   

جمیکا :ویسٹ انڈیز کرکٹ کیلئے ہفتہ کا دن غمناک رہا کیونکہ ملک کے 2 سابق کرکٹرس اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ سابق اسپن گیندباز کلائڈ بٹس 66 سال اور بلے باز جو سولومن 93 سال نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کرکٹرس کے انتقال کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق آف اسپن گیندباز کلائڈ بٹس کی موت ایک کار حادثہ میں ہوئی۔ انھوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ہندوستانی ٹیم کے خلاف کھیلا تھا۔ بٹس نے 1985 میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبو کیا تھا اور 1988 میں ہندوستان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔ ویسٹ انڈیز اور گویانا کے سابق بلے باز جو سولومن کا انتقال بھی ہفتہ کے روز ہوا۔ وہ 93 سال کے تھے۔ جو سولومن کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا میچ ٹائی کرنے کے لیے ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔ سولومن نے ویسٹ انڈیز کے لیے 1958 سے 1965 کے درمیان 27 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انھوں نے 34 کی اوسط سے 1326 رن بنائے۔ انھوں نے 26 سال کی عمر میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس کرکٹ کیریر شروع کیا تھا۔