ویلکم ٹو دی جنگل کی تشہیر ی مہم کا آغاز

   

ممبئی، 9 جون (ایجنسیز) بالی ووڈکی مشہورکامیڈی فرنچائز ویلکم کی تیسری قسط ویلکم ٹو دی جنگل کا ٹریلر11 جون کو ایک شاندار تقریب میں جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فلم کی پوری کاسٹ اور عملہ اس خصوصی تقریب میں شریک ہوگا، جسے فلم کی تشہیری مہم کا باضابطہ آغاز قراردیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق تقریباً تین منٹ دورانیے پر مشتمل ٹریلر میں کامیڈی، افراتفری، دلچسپ مکالموں اور مزاحیہ حالات کی بھرپور جھلک دکھائی جائے گی۔ فلم کے مداح خاص طور پر اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول کی ایک بار پھر ایک ساتھ واپسی کے منتظر ہیں، جن کی اسکرین پر باہمی کیمسٹری ماضی میں شائقین کی پسندیدہ رہی ہے۔فلم کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ٹریلر میں اکشے کمار اپنے روایتی مزاحیہ انداز میں نظر آئیں گے جبکہ سنیل شیٹی اور پریش راول کے ساتھ ان کی جوڑی ٹریلرکی نمایاں خصوصیات میں شامل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ان تینوں اداکاروں کی مزاحیہ ٹائمنگ اور دلچسپ مناظر ناظرین کو پرانی ویلکم فلموں کی یاد تازہ کرا دیں گے۔ ہدایت کار احمد خان کی اس فلم میں بالی ووڈ کے متعدد معروف ستارے شامل ہیں جن میں دیشا پٹانی، جیکولین فرنانڈس، ارشد وارثی، جیکی شروف، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، راج پال یادو، جانی لیور، شریاس تلپڑے، تشارکپور، آفتاب شیوداسانی اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کو حالیہ برسوں کی سب سے بڑی ملٹی اسٹاررکامیڈی فلموں میں شمارکیا جا رہا ہے۔ ویلکم ٹو دی جنگل دراصل 2007 میں ریلیز ہونے والی ویلکم اور2015 کی ویلکم بیک کے بعد اس مقبول سیریزکی تیسری فلم ہے۔ چند ہفتے قبل جاری کیے گئے ٹیزر میں جنگل کے پس منظر میں مزاح، ایکشن اور ہنگامہ خیز مناظر دکھائے گئے تھے، جس کے بعد شائقین میں فلم کے لیے جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔فلم کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا جبکہ ہدایت کار احمد خان ہیں۔ متعدد تاخیرکے بعد اب فلم 26 جون 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔