باوقار عہدہ کیلئے مختلف ناموں پر کیا جا رہا ہے غور و خوض
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لئے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اتوار کو دہلی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لئے پھر ایک مرتبہ وینکیا نائیڈو کے علاوہ آر ایس ایس کے حامی ششی دھری چاری کا نام زیر غور ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ کے استعفی کے بعد یہ عہدہ مخلوعہ ہوگیا ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب 9 ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے اور اس کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ این ڈی اے کے طرف سے امیدوار کا انتخاب کرنے کے لئے کل دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا شرکت کریں گے۔ 6 اگست کو این ڈی اے کے حلیف جماعتوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے امیدوار کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا پر چھوڑ دی۔ بی جے پی کے حلقوں میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ جنوبی ہند کو ایک بار پھر نائب صدر جمہوریہ کا عہدہ دیا جائے گا۔ اس کے لئے سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ بی جے پی جنوبی ہند میں اپنی طاقت بڑھانے کی کوشش کررہی ہے اس لئے غیر متنازعہ رہنے والے وینکیا نائیڈو کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ آر ایس ایس کے حامی ششی دھری چاری کا نام بھی زیر غور ہے۔ 2