ویویکا نند ریڈی قتل کیس ‘ ایم پی کڑپہ کے والد بھاسکر ریڈی گرفتار

   

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کیس میں سی بی آئی نے اہم پیشرفت کی ۔ کڑپہ وائی ایس آر کانگریس ایم پی وائی ایس اویناش ریڈی کے والد وائی ایس بھاسکر ریڈی کو آج صبح پولی ویندولہ سے گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ سڑک کے راستے حیدرآباد منتقلی کے بعد عثمانیہ ہاسپٹل میں میڈیکل ٹسٹ کرایا گیا۔ ڈاکٹرس نے نشاندہی کی کہ بھاسکر ریڈی کا بلڈ پریشر کسی قدر زیادہ ہے۔ سی بی آئی نے بھاسکر ریڈی کو وجئے نگر کالونی میں سی بی آئی جج کی قیامگاہ پر پیش کیا۔ جج نے بھاسکر ریڈی کو 29 اپریل تک 14 دن کی ریمانڈ میں بھیج دیا ہے۔ بھاسکر ریڈی کے وکیل نے جج کو بتایا کہ ان کی موکل کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ جس پر جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو تمام تر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چنچل گوڑہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کے بعد انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔ر