جناب عامر علی خاں نے مبارکباد پیش کی، ریاستی وزیر اور عوامی نمائندوں کی تقریب میں شرکت
حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے آج تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ وی ہنمنت راؤ کو تلنگانہ سکریٹریٹ میں چیمبر الاٹ کیا گیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے خصوصی پوجا کے درمیان عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی اور عہدکہاکہ وہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کے لئے حکومت کو تجاویز پیش کریں گے۔ نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں نے وی ہنمنت راؤ کو حکومت کے مشیر کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور تہنیت پیش کی۔ اُنھوں نے ذمہ داری کی مؤثر طورپر تکمیل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ہنمنت راؤ کے جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر وزیر بہبودی بی سی طبقات پونم پربھاکر، سابق وزیر کے جانا ریڈی، وزیر اسپورٹس وی سری ہری، او بی سی کارپوریشن کے صدرنشین رکن اسمبلی شنکریا، گورنمنٹ چیف وہپ اے سرینواس، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، رکن اسمبلی راج ٹھاکر، رکن کونسل بسوا راج ساریا، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور کانگریس کے سینئر قائدین بھی موجود تھے جنہوں نے ہنمنت راؤ کو تہنیت پیش کی۔ اِس موقع پر وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہاکہ حکومت نے پسماندہ طبقات کی بھلائی کے لئے ایک سینئر قائد کو مشیر مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانے میں ہنمنت راؤ کی تجاویز کا اہم رول رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ طبقاتی سروے کے ذریعہ ملک میں رول ماڈل بننے والی تلنگانہ حکومت نے ہنمنت راؤ کے طویل تجربہ سے استفادہ کرنے کے لئے اُنھیں اہم ذمہ داری دی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ حکومت نے اُن سے پسماندہ طبقات کی بھلائی اور ترقی کے سلسلہ میں جو توقعات وابستہ کی ہیں وہ اُنھیں پورا کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ قومی سطح پر او بی سی مردم شماری کے لئے مہم چلائی جائے گی جس کی تجویز لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے پیش کی تھی۔ ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی، سونیا گاندھی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔V/1