کانگریس 8 تا 10 بی آر ایس 3 تا 5 بی جے پی 3 تا 5 اور مجلس کو ایک حلقہ پر کامیابی کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں حکومت تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کے لیے لوک سبھا کے انتخابات بھی حوصلہ افزا ثابت ہونے والے ہیں اور اصل اپوزیشن بی آر ایس کو پھر ایک بار مایوسی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ٹائمز ناؤ ای ٹی جی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے ایک سروے کیا ہے ۔ سروے کے مطابق تلنگانہ کے جملہ 17 لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کو 8 تا 10 حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس طرح بی آر ایس کو 3 تا 5 اور بی جے پی کو 3 تا 5 حلقوں پر کامیابی حاصل ہونے کا اندازہ لگایا ہے ۔ ساتھ ہی مجلس کو ایک حلقہ پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی جس کے دو ہفتہ بعد ٹائمز ناؤ ای ٹی جی سروے نتائج نے پھر ایک مرتبہ اصل اپوزیشن بی آر ایس کو بہت بڑا جھٹکا دیا ہے ۔ واضح رہے 2019 لوک سبھا انتخابات میں اس وقت کی حکمران جماعت ٹی آر ایس موجودہ بی آر ایس کو 17 کے منجملہ 9 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ اسمبلی انتخابات میں مایوس کن مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک اسمبلی حلقہ تک محدود رہنے والی بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں 4 حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی قومی قیادت کے لیے نئی امیدیں جگا دی تھی مگر حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 8 حلقوں تک محدود ہوگئی ۔ 2019 کے لوک سبھا انخابات میں کانگریس پارٹی نے تین حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی قیادت نے 4 کے منجملہ 3 ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی انتخابات میں امیدوار بنایا تھا مگر بی جے پی کے تینوں ارکان پارلیمنٹ کو شکست ہوگئی وہیں کانگریس پارٹی نے اپنے تینوں ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی انتخابات میں اتارا تھا جس میں تینوں کامیاب ہوگئے ۔ ریونت ریڈی جہاں چیف منسٹر بن گئے ہیں وہیں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور اتم کمار ریڈی تلنگانہ وزارت میں شامل ہوگئے ہیں ۔ ٹائمز ناؤ کے تازہ سروے سے جہاں کانگریس کیڈر میں جوش دیکھا جارہا ہے وہیں بی آر ایس کیڈر میں مایوسی دیکھی جارہی ہے ۔۔ ن