تیز بارش اور ہواؤں کا امکان، 30نومبرکو ساحل سے ٹکرائے گا
نئی دہلی :ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بتایا ہے کہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں بنا گہرا ہواکا دباؤ اگلے 12 گھنٹے میں طوفان ‘فینگل’ میں تبدیل ہو جائے گا۔ یہ طوفان شمال۔مغرب سمت میں بڑھتے ہوئے ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے ساحل پر 30 نومبر کی صبح پہنچ جائے گا۔ کاریکل اور مہابلی پورم کے درمیان 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ اس دوران ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ امکان ہے کہ یہ طوفان 30 نومبر کی صبح ٹاملناڈو اورپڈوچیری ساحل پر پہنچے گا۔مرکز کے ڈیوٹی آفیسر ایس کمار نے میڈیاکو بتایا کہ گہرے ڈپریشن کی وجہ سے پڈوچیری میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے آج اسکول اور کالجوں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پڈو چیری اور کاریکل میں 24 گھنٹے میں بالترتیب ساڑھے سات سینٹی میٹر اور ساڑھے نو سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ این رنگا سوامی نے افسروں کو نچلے علاقے کے لوگوں کو راحت کیمپوں میں لے جانے کی ہدایت دی ہے۔ 24 گھنٹوں کیلئے کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے تاکہ حالات پر نظر رکھی جا سکے۔