ٹاملناڈو میں دلخراش حادثہ ، نرساپور کے 10 افراد ہلاک

,

   

سنگاریڈی ۔ /6 جنوری (سیاست نیوز) ریاست کیرالا کے سبری مالا مندر کے درشن کرنے کے بعد واپس ہونے والی منی بس ٹامل ناڈو میں حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں ضلع میدک کے نرساپور سے تعلق رکھنے والے 10 افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے تفصیلات کے مطابق ضلع میدک کے نرساپور کے قریب واقع مواضعات قاضی پیٹ ، منتور ، چنتہ کنٹہ اور مخدوم پور کے 15 افر اد نے منی بس کے ذریعہ کیرالا میں واقع سبری مالا مندر کے درشن کے لئے روانہ ہوئے اور مندر کے درشن کے بعد سفر واپسی کے دوران آج سہ پہر ریاست ٹاملناڈو کے ضلع پودو کوٹیئی میں لاری سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ میں منی بس میں سفر کرنے والے 10 افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے ۔ ہلاک ہونے والوں کی ناگراج ، مہیش ، کمار ، شیام ، پروین ، کرشنا سائی ، انجنیلو ، سدرشن اور سریش کی حیثیت سے کی گئی ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔

حکومت تلنگانہ کی ہدایت پر تحصیلدار اور سرکل انسپکٹر نرساپور جائے حادثہ کیلئے روانہ ہوئے ہیں ۔
چیف منسٹر کے سی آر کا اظہار تعزیت
اس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اور سابق وزیر ہریش راؤ نے حادثہ پر اپنا تعزیتی بیان جاری کرکے رنج و غم کا اظہار کیا اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے امدادی کاموں کی فوری انجام دہی اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی حکام کو ہدایت دی ۔