واشنگٹن: امریکہ کے منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی سی ای او اور صدر بروک رولنز کو وزیرِ زراعت نامزد کر دیا ہے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہیکہ بطور وزیرزراعت بروک امریکی کاشتکاروںاور کسانوں کے تحفظ کیلئے کوششوں کی قیادت کریں گی جو ہمارے ملک کی ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔اگر سینیٹ سے رولنز کی نامزدگی کی توثیق ہوجاتی ہے تو وہ ایک لاکھ افراد کے عملے پر مشتمل ایسے محکمے کی سربراہ ہوں گی جس کا امریکہ کی ہر کاؤنٹی میں دفتر ہے۔ نیوٹریشن پروگرامز، جنگلات، زراعت کیلئے قرضوں کی فراہمی، غذائی تحفظ، دیہی ترقی، زرعی تحقیق اور تجارت سمیت مختلف شعبے اس محکمے کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ 2024میں اس کا بجٹ 437 ارب ڈالر سے زائد تھا۔ بروک رولنز اس سے قبل ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں ڈومیسٹک پالیسی کونسل کی سربراہ بھی رہی ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ نے جمعہ کی شب اسکاٹ بیسینٹ کو وزیرفینانس نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ بیسینٹ سرمایہ کاری کے شعبے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔