ٹرمپ سے ضبط شدہ کاغذات کی تحقیقات جاری رکھنے امریکی محکمہ انصاف نے مانگی اجازت

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ انصاف نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ سے ضبط شدہ دستاویزات کا جائزہ روکنے کا فیصلہ معطل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مواد کے بارے میں تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی جائے جنہیں بطور ’خفیہ دستاویز‘ نشان زد کیا گیا ہے۔’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تفتیش کاروں کو ڈونالڈ ٹرمپ کے گھر سے ضبط کی گئی ہزاروں دستاویزات کا جائزہ لینے سے گزشتہ ہفتے اس وقت روک دیا گیا جب ایک جج نے سابق صدر کا ساتھ دیا اور فائلوں کے جائزے کے لیے ایک آزاد ثالث مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔محکمہ انصاف نے استدلال کیا کہ جج ایلین کینن نے بنیادی طور پر ایک خصوصی ماسٹر کے تقرر اور حکم امتناعی ریلیف دینے میں غلطی کی، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس اپیل کو صرف 100 خفیہ ریکارڈز تک محدود رکھیں گے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے برآمد ہوئے تھے۔محکمہ انصاف نے کہا کہ خفیہ دستاویزات کے جائزے میں تاخیر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے حکومت کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے۔محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ خفیہ دستاویزات کو ممکنہ طور پر چھپایا گیا تھا تاکہ ان کے خفیہ مواد کے ممکنہ غلط استعمال کے بارے میں ایف بی آئی کی تحقیقات کو روکا جاسکے۔