نامزدگی واپس لینے کا اعلان‘ فیصلہ پرایلون مسک کا اظہار افسوس
واشنگٹن ۔یکم؍ جون ( ایجنسیز )امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو ایک اور شدید جھٹکا دیا ہے۔ انہوں نے مسک کے قریبی کو ’ناسا‘ (نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن) کا سربراہ بنانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اتوار کی دیر رات اعلان کیا کہ وہ ’ناسا‘ کی قیادت کرنے کیلئے ایلون مسک کے معاون جیریڈ اِساق مَین کا نام واپس لے رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس فیصلے پر مسک نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اساق مَین کے سابقہ تعلقات کے گہرے جائزہ کے بعد اس فیصلہ پر پہنچے ہیں۔ امریکی صدر کی سرکاری رہائش اور دفتر ’وائٹ ہاؤس‘ نے بھی اس سلسلے میں بھیجے گئے ای میل کا کوئی جواب نہیں دیا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھاکہ سابقہ تعلقات کے گہرائی سے جائزہ کے بعد میں ’ناسا‘ کے سربراہ کے لیے جیریڈ اساق مَین کا نام واپس لے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی ایک نئے امیدوار کا اعلان کروں گا جو مشن سے جڑا ہوگا اور خلا میں امریکہ کو آگے رکھے گا۔