نیویارک : امریکی صدر ٹرمپ کی بہو لارا ٹرمپ نے پھر سے نئے انداز میں امریکی نیوز چینل جوائن کر لیا۔امریکی نیوز چینل کی سی ای او سوزین اسکاٹ کے مطابق 42 سالہ لارا ٹرمپ چینل پر My View with Lara Trumpکے نام سے شو کی میزبانی کریں گی۔سوزین اسکاٹ نے اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لارا ٹرمپ ایک باصلاحیت کمیونیکیٹر ہیں جو ناظرین سے جڑنا جانتی ہیں، وہ کامیاب کاروباری شخصیت اور کام کرنے والی ماں بھی ہیں۔یہ شو ہر ہفتہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے نشر ہو گا، اس پروگرام میں تجزیے، سیاسی و دیگر رہنماؤں کے انٹرویوز، قومی معاملات پر گفتگو اور دن بھر کی ہیڈ لائنز پر بات کی جائے گی۔امریکی میڈیا کے مطابق اس پروگرام کے لیے ایک دوسرے پروگرام کو اتوار 10 بجے منتقل کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے لارا ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں اپنی آواز کو فاکس نیوز پر واپس لانے، امریکی عوام کے ساتھ براہِ راست بات کرنے اور اس ملک کو عظیم بنانے کے لیے بہت خوش ہوں۔