واشنگٹن : امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام خلیج امریکہ رکھنے اور کینیڈا کے خلاف اقتصادی طاقت استعمال کرنے کی دھمکی دے دی۔حلف برداری سے پہلے فلوریڈا میں پریس کانفرنس میں ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر میکسیکو اور کینیڈا نے غیرقانونی امیگریشن اور منشیات اسمگلنگ نہ روکی تو وہ امریکہ کے ان دو بڑے تجارتی شراکت داروں پر 25 فیصد ٹیرف لگادیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا کو بھولنا نہیں چاہیے کہ اس کا دفاع امریکہ کرتا ہے۔ٹرمپ نے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی مقاصد کیلئے گرینڈ لینڈ بھی امریکہ کو ملنا چاہیے۔ اس کے علاوہ نومنتخب امریکی صدر نے نیٹو ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ دفاعی بجٹ دوگنا کریں جبکہ انہوں نے کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث فسادیوں کو معافی دینے کا ارادہ ظاہرکیا۔دوسری جانب ٹرمپ نے غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک بار پھر حماس کو وارننگ دے دی۔پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی واپس نہ آئے تو مشرق وسطیٰ جہنم بن جائے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ حماس کے لیے اچھا نہیں ہوگا بلکہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔