اندرون چھ ماہ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کا منصوبہ ، کمشنر سٹی پولیس
حیدرآباد : /29 ستمبر (سیاست نیوز ) شہر میں ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک نیا منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ سڑکوں پر ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے ٹریفک جام کے تدارک اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اب سختی سے عمل آوری کی جائیگی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ ’’آپریشن روپ‘‘ کے نام سے شہر حیدرآباد میں اقدام کیا جائے گا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 6 ماہ میں اس آپریشن روپ پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی ۔ (ریمول آف ابسٹراکٹیو پارکنگ اینڈ انکروچمنٹ) کے نام سے شروع کردہ اس اقدام کے تحت غیرمجاز پارکنگ اور فٹ پاتھ پر قبضوں کو برخواست کیا جائے گا ۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کے تحت اقدامات سخت رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی پلیکس میں 60 فیصد اور مالس میں 60 فیصد ،کمرشیل عمارتوں میں 40 اور اپارٹمنٹس میں 30 فیصد پارکنگ کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام شہریوں کیلئے ایک سفید لائین مقرر کی جائے گی تاکہ ہر شہری کو نظم و ضبط پر عمل کرنے کیلئے تیار کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن روپ میں عمل آوری کیلئے تمام تر اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور بلدیہ کے تعاون سے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اور بلدی حکام نے بھی اتفاق کرلیا ہے ۔ آر ٹی سی بسوں کی نقل و حرکت کو لگام لگاتے ہوئے فٹ پاتھ کو بحال کرنے کے علاوہ ٹھیلہ بنڈیوں ، آٹوز و دیگر غیر مجاز پارکنگ کرنے والے شہریوں میں شعور بیداری کی جائے گی ۔ شہر میں جہاں کہیں سڑک کے درمیان رکاوٹ بننے والی تعمیرات ہوں بہرحال انہیں ہٹادیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دوکانداروں اور تجارتی سرگرمیاں چلانے والے ہر ادارے کیلئے گراہکوں کیلئے پارکنگ کا انتظام کرنا لازمی ہوگا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر ہر شہری کو عمل کرنے کیلئے تیار کیا جائے گا ۔ گاڑی چلاتے وقت ڈرائیونگ اور فرنٹ سیٹ ہی نہیں بلکہ تمام کو سیٹ بیلٹ لازمی طور پر استعمال کرنا ہوگا ۔ سڑک پر بے دریغ پارکنگ کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ کرینس کے ذریعہ گاڑیوں کومنتقل کرنے کے علاوہ کلامپ لگائے جائیں گے اور بار بار ایک ہی طرح کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور عدالت سے رجوع کردیا جائے گا ۔ آٹو رکشا ، ٹھیلہ بنڈی اور دیگر فٹ پاتھ کاروباریوں سے اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ اسکولس انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے پارکنگ کا نظام فراہم کرنے اور ٹریفک جام کو روکنے کے اقدامات پر زور دیا جائے گا اور شعور بیداری کے لئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کویڈ 19 کے سبب انفورسمنٹ کو بہتر انداز میں انجام نہیں دیا گیا اور شہر میں کوویڈ 19 کے سبب عائد تحدیدات اور احتیاط کے دوران عوام نے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال نہیں کیا بلکہ خود اپنے ذاتی ٹرانسپورٹ کو اہمیت دی جس کے سبب گاڑیوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ آج شہر میں تمام اقسام کی 77 لاکھ گاڑیاں پائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آج ڈائیل 100 حاصل ہونے والی شکایتوں میں 70 تا 80 فیصد شکایتیں ٹریفک مسائل پر حاصل ہورہے ہیں ۔ جس سے شہریوں کی تکالیف کا اندازہ ہوتا ہے ۔ کمشنر سٹی پولیس سی وی آنند نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں چونکہ پولیس سنگین مسئلہ کی یکسوئی کیلئے سخت اقدامات کرنے جارہی ہے اس اجلاس میں جو سنٹرل کمانڈ کنٹرول بنجارہ ہلز میں منعقد تھا ۔ سٹی پولیس ٹریفک شعبہ کے اعلی عہدیدار شریک تھے ۔ ع