حیدرآباد۔ 8 مئی (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو زیر التواء ٹریفک چالانات پر بھاری ڈسکاؤنٹ دے کر عوام کو خوش کردیا تھا جبکہ دوسری طرف شہر کے مختلف علاقوں میں مصروف ترین اوقات دوبارہ چالانات کئے جارہے ہیں۔ ہیلمٹ نہ پہننے، دستاویزات کی تنقیح، ماسک اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کے نام پر آئے دن بھاری چالانات کا سلسلہ پھر شروع ہوچکا ہے۔ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے جبکہ عام عوام بھی ٹریفک پولیس کی ہراسانی کی زد میں آرہے ہیں۔ شہر کے مصروف ترین علاقہ عابڈس، کوٹھی، دلسکھ نگر، ملک پیٹ میں مصروف ترین اوقات یعنی دفاتر اور دیگر کاموں کے لئے جاتے وقت ٹریفک پولیس باضابطہ بیرکٹس لگاکر چالانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ٹریفک چالانات اور اس کے پس منظر میں گاڑیاں ضبط کرنے کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود بھی گاڑیوں کو چالان کرنا اور انہیں ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید دھوپ کے باوجود ٹریفک پولیس کے اس رویہ سے عوام پریشان ہیں اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس میں نرمی برتنے اور متوجہ ہونے کی اپیل کی ہے۔